نئی دہلی، 19؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )قومی دارالحکومت میں ڈینگو سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 19ہو گئی جبکہ مچھر سے پیدا ہونے والی اس بیماری سے متاثرین کی تعداد 1300 سے تجاوز کر گئی ہے۔آج جاری کی گئی کارپوریشن کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے ڈینگو کے 220نئے معاملے سامنے آئے جبکہ 607معاملے اس ماہ 17؍ستمبر تک ریکارڈ کئے گئے۔لوک نائک جے پرکاش اسپتا ل کے ایک سینئر ڈاکٹر نے میڈیا کو بتایاکہ تقریبا ایک ماہ پہلے ہمارے اسپتا ل میں ڈینگو سے ایک بالغ شخص کی موت ہوئی تھی۔بہر حال، اسپتال میں چکن گنیا سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ڈاکٹر نے کہاکہ اس موسم میں ایل این جے پی اسپتا ل میں 522ڈینگو کے معاملے آئے ہیں۔ہماری بخار کلینک میں روزانہ تقریبا 750مریض آ رہے ہیں، ہمارے پاس بخار وارڈ میں 52اور بخار کلینک میں 21بیڈ ہیں۔19اموات میں سے 9 ہلاکتیں ایمس میں جبکہ باقیوں کی ہلاکت شہر کے دیگر اسپتا لوں میں ہوئی ہے۔بہر حال، تمام میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مچھر کے کاٹنے سے ہونے والی بیماریوں کی رپورٹ کو مرتب کرنے والی جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے چار اموات کی تصدیق کی ہے۔ان اموات میں جامعہ نگر کی رہنے والی 25سالہ ار م خان بھی شامل ہے جس کی موت 31؍اگست کو اپو لو اسپتا ل میں ہوئی تھی۔دیگر تین اموات میں، نازش (38)شامل ہیں جن کی موت 12؍اگست ہوئی تھی۔وہ اوکھلا سے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کی قریبی رشتہ دار تھیں۔شاہین باغ کی رہنے والی 12سالہ مسکان کی موت 29؍جولائی کو ہوئی تھی جبکہ اتر پردیش کے جون پور کے 19سالہ دیپک کی بھی موت ڈینگو سے ہو گئی تھی۔یہ دونوں اموات صفدر جنگ اسپتا ل میں ہوئی تھیں۔اس کے علاوہ، پانچ دیگر اموات شہر کے مختلف اسپتالوں میں ہوئی تھیں جن کی ایس ڈی ایم سی نے تصدیق نہیں کی ہے۔ایمس نے 15؍ستمبر کو جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ اس کے یہاں آنے والے ڈینگو اور چکن گنیا کے متاثرین میں 70فیصد اترپردیش کے ہیں جبکہ 10فیصد بہار سے اور باقی دہلی کے ہیں۔رپورٹ کے مطابق، ایس ڈی ایم سی میں 302معاملے ریکارڈ کیے گئے، جو شہر کے سبھی علاقوں سے سب سے زیادہ ہیں۔شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن اور مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن نے بالترتیب 134اور 86معاملے ریکارڈ کیے ہیں ، جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے وسطی زون میں 119معاملے ریکارڈ کئے گئے ہیں اوریہ اس کے چا روں زون میں سب سے زیادہ ہیں۔نجف گڑھ میں 84، مغرب میں 53اور جنوبی زون میں 46معاملے درج کئے گئے ہیں۔